اصول ماخذ سیرت نگاری
سیرت
النبی صلی اللہ علیہ وسلم لکھنے کے کچھ اصول ہیں ، جن سے استفادہ کرتے ہوئے سیرت
النبی ﷺ لکھی جانی چاہئے ، ان اصولوں کی تعداد و ترتیب میں اختلاف ہے ۔ اس موضوع
پر مستقل کتب اگر چہ نہیں لکھی گئیں ہیں لیکن ضمنا بعض کتب سیرہ میں مجملا یہ بحث
موجود ہے ۔
اسلام
کے دیگر موضوعات مثلا حدیث کے لئے اصول حدیث ، فقہ کے لئے اصول فقہ اور علم کلام
کے لئے اصول علم کلام علم تاریخ کے لئے اصول علم تاریخ کا فن موجود ہے ۔ جس کے
ذریعہ ان علوم کی ترتیب و تدوین اور پرکھنے میں مدد لی جاتی ہے ۔ لہذا سیرت النبی ﷺ کے لئے بھی علماء نے کچھ اصول
(جسے اصول سیرت النبی ﷺکہا جا تا ہے) مرتب
کئے ہیں ، جس میں سیرت النبی ﷺ کے لئے ماخذ و مصادر کا تعین کیا جاتا ہے تاکی اس علم میں بہتری پیدا ہو اور افراط و
تفریط سے بچا جا سکے ۔
سیرت کا ماخذ ومصادر
پہلا ماخذ قرآن کریم :- یوں تو سب سے پہلے
سیرت کا بنیادی مصدر خود آپ ﷺ کی ذات ہے اور آپ کی ذات سے وہی کچھ صادر ہوتا تھا
جو قرآن کریم کی تعلیم ہے جیسا کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے آپ ﷺ
کے اخلاق کے بارے میں پوچھا گیا تو حضرت
عائشہ نے فرمایا ( كان
خُلُقُه القُرآنَ) کہ نبی کریم ﷺ کے وہی
اعمال و اخلاق تھے جن کی قرآن کریم نے تعلیم دی ہے ۔ لہذا سیرت نبوی ﷺ کا سب سے اہم، سب سے مستند اورسب سے زیادہ صحیح حصہ وہ ہے جس کا
ماخذ قرآن مجید ہے۔ اور قرآن مجید جس کی صحت کے بارے میں کوئی شک نہیں کیا
جاسکتا، وہ حضور اکرمﷺ کی زندگی کے ضروری اجزاکو چیدہ چیدہ اِس طرح بیان کرتا ہے، مثلاً:نبوت
سے پہلے مکی زندگی،یتیمی،حق کی تلاش اور پھر نبوت سے
سرفرازی،وحی،تبلیغ،معراج،مخالفین کی دشمنی،ہجرت اور آپﷺ کے اخلاق حسنہ۔
دوسرا
ماخذ تفسیر : نبی کریم ﷺ سے منقول تفسیری
روایات ، قرآن کریم کے بعد سیرت کا دوسرا
ماخذ تفسیر ماثور ہے ۔ اور ما ثور اس تفسیر کو کہا جاتا ہے جو نفس قرآن کریم کے متن یا سنت صحیحہ یا صحابہ
و تابعین سے ۔ منقول ہو ۔ ارشاد باری
تعالی ہے : وَاَنْزَلْنَآ اِلَيْكَ
الذِّكْرَ لِتُبَيِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَيْهِمْ وَلَعَلَّهُمْ
يَتَفَكَّرُوْنَ 44
ہم نے آپ ﷺ پر قرآن نازل کیا تا کہ لوگوں کے لئے اس کی
تفسیر بیان کریں ۔ آیت سے معلوم ہوتا ہے پہلے مفسر خود آپ ﷺ ہیں ، چنانچہ جب قرآنی
آیات کی تشریح و توضیح کی جاتی ہے تو سیرت رسول ﷺ کی نسبت سے وہ مقامات زیادہ اہم
ہو جاتے ہیں جہاں اللہ تعالی نے خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب بنایا ہے
، یا آپ ﷺ کی زندگی کے مختلف واقعات کی طرف اجمالی
اشارے گئے ہیں، ایسے موقع پر آپ ﷺ کی وضاحت ہی حقیقی تفسیر اور سیرت کی بنیاد ہوتی
ہے، اسی طرح جب یہ معلوم کرنا ہو کہ آیات
قرآنی کے نزول کے اوقات ، اسباب اور مقامات کون کون سے تھے ؟ اور ان کا آپ ﷺ کی
ذات سے کیا تعلق تھا ؟ اس کی وضاحت فقط
تفسیر سے ہوتی ہے ۔ اس لئے کتب تفاسیر سیرت النبی ﷺ کا اہم سرچشمہ قرار دی گئی ہے
۔ جن عظیم شخصیات نے سیرت و مغازی کو جمع
کیا ہے انہی سے تفسیر قرآن کا ذخیرہ بھی منقول ہے ۔
تیسرا ماخذ حدیث رسول ﷺ : سیرت النبی ﷺ کا تیسرا ماخذ حدیثوں کا وہ سرمایہ ہے جس کا ایک ایک حصہ بہت ہی ناپ تول اور پرکھا ہوا ہے؛ اس میں آپﷺ کے حالات بھی ہیں اور تعلیمات بھی ہیں ۔ لہذا تمام کتب احادیث کا حصہ سیرت ہے ۔ ابتداء اسلام میں تفسیر حدیث سیرت ایک ہی حلقہ درس کے اسباق تھے بعد میں جدا جدافن کی حیثیت سے مدون ہوتے گئے ۔
سیرت
کا حدیث سے تعلق : آپ نے مطالعہ کر لیا کہ حدیث اور سیرت ابتداء میں ایک ہی
حلقہ کے اسباق تھے، لیکن حدیث کا درجہ سیرت سے زیادہ بلند ہے ۔ اس لئے کہ اخذ حدیث
کے لئے جو سخت شرائط رکھی گئی ہیں ۔ سیرت کے نقلی میں انہیں محفوظ نہیں رکھا گیا
ہے ۔ سیرت بغیر حدیث کے مکمل نہیں ہوسکتی ہے خود سیرت کا بہت بڑا ذخیرہ کتب احادیث
میں محفوظ ہے۔ اس وجہ سے سیرت کا تیسرا اصول حدیث کو قرار دیا گیا ہے ۔
جناب نبی کریم ﷺ کی سیرت احادیث مبارکہ
سے لبریز ہے ، اس کی بہت ساری مثالیں احادیث میں دیکھی جاسکتی ہیں ، مثلا
کفار کے ساتھ حسن سلوک : کفار کے ساتھ اپ ﷺ نے حسن سلوک کا برتاؤ کیا حالانکہ وہ کونسا ظلم تھا جوکفار ومشرکین نے مکہ مکرمہ میں سرکاردوعالم صلى الله عليه وسلم اور صحابہٴ کرام کے ساتھ روا نہ رکھا۔ حتی کہ آپ ﷺ کو مکہ مکرمہ سے ہجرت کرنے پر مجبور کیاگیا۔ آپ صلى الله عليه وسلم مدینہ تشریف لے گئے تو وہاں بھی سکون واطمینان سے رہنے نہیں دیاگیا۔ اور طرح طرح کی یورشیں جاری رکھی گئیں، یہودیوں کے ساتھ مل کر رحمت ِ عالم ﷺاور مسلمانوں کے خلاف منصوبہ بند مہم چھیڑ دی گئی۔ فتح مکہ کے موقع پر کفار مکہ کو موت اپنے سامنے نظر آرہی تھی ان کو خطرہ تھا کہ آج ان کی ایذا رسانیوں کا انتقام لیا جائے گا،سرکاردوعالم ﷺ نے ان کو مخاطب کرکے فرمایا: اے قریشیو! تم کو کیا توقع ہے،اس وقت میں تمہارے ساتھ کیا کروں گا؟ انھوں نے جواب دیا: ہم اچھی ہی امید رکھتے ہیں، آپ کریم النفس اور شریف بھائی ہیں اور کریم اور شریف بھائی کے بیٹے ہیں آپ نے ارشاد فرمایا:
”میں تم سے وہی کہتا ہوں جو یوسف عليه
السلام نے اپنے بھائیوں سے کہا تھا، آج تم پر کوئی الزام نہیں؛ جاؤ تم سب آزاد
ہو“(زاد المعارج:۱/۴۲۴) ۔ رواه الأزرقي
في أخبار مكة 2/121 و ابن عساكر في تاريخ دمشق 73/53 و ابن زنجوية في الأموال 1/293 من حديث عطاء و الحسن و طاوس رحمهم الله .
یہودیوں کے ساتھ حسن سلوک : اسی طرح مدینہ میں یہودیوں کے مختلف قبائل آباد تھے، جب نبی کریم ﷺ مدینہ ہجرت کر کے ائے ابتداءً یہود غیر جانب داراور خاموش رہے لیکن اس کے بعد وہ اسلام اور نبی کریم ﷺ اور مسلمانوں کے تئیں اپنی عداوت اور معاندانہ رویہ زیادہ دنوں تک نہ چھپا سکے۔ انہوں نے سرکارِ دوعالم ﷺ مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی خفیہ سازشیں کیں، بغاوت کے منصوبے بنائے، آپ صلى الله عليه وسلم کے کھانے میں زہر ملایا آپ ﷺ کو شہید کرنے کی تدبیریں سوچیں، اسلام اور مسلمانوں کو زَک پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا،لیکن قربان جائیے رحمت ِ عالم ﷺ پر کہ آپ ﷺ نے ان کے ساتھ نہایت اعلیٰ اخلاق کامظاہرہ کیا۔ مدینہ منورہ تشریف لانے کے بعد سرکارِدوعالم صلى الله عليه وسلم نے یہودیوں کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کیا تاکہ مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان خوش گوار تعلقات قائم ہوں، معاہدہ کی چند دفعات یہ تھیں۔
۱- تمام یہودیوں کو شہریت کے وہی حقوق حاصل ہوں گے جو اسلام سے پہلے انھیں حاصل تھے۔
۲- مسلمان
تمام لوگوں سے دوستانہ برتاؤ رکھیں گے۔
۳- اگر
کوئی مسلمان کسی یثرب والے کے ہاتھ مارا جائے تو بہ شرط منظوری ورثاء قاتل
سے خوں بہا لیا جائے گا۔
۴- باشندگان مدینہ میں سے جو شخص کسی سنگین جرم کا مرتکب ہو اس کے اہل وعیال سے اس کی سزا کا کوئی تعلق نہ ہوگا۔
۵- موقع
پیش آنے پر یہودی مسلمانوں کی مدد کریں گے، اور مسلمان یہودیوں کی ۔
۶- حلیفوں
میں سے کوئی فریق اپنے حلیف کے ساتھ دروغ گوئی نہیں کرے گا۔
۷- مظلوموں
اور ستم رسیدہ شخص کی خواہ کسی قوم سے ہو مدد کی جائے گی۔
۸- یہود
پر جو بیرونی دشمن حملہ آور ہوگا تو مسلمانوں پر ان کی امداد لازمی ہوگی۔
۹- یہود
کو مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔
۱۰- مسلمانوں
میں سے جو شخص ظلم یا زیادتی کرے گا تو مسلمان اسے سزادیں گے۔
۱۱- بنی
عوف کے یہود ی مسلمانوں میں ہی شمار ہوں گے۔
۱۲- یہودیوں اور مسلمانوں میں جس وقت کوئی قضیہ پیش آئیگا تو اس کا فیصلہ رسول الله کریں گے۔
۱۳- یہ عہد نامہ کبھی کسی ظالم یاخاطی کی جانب داری نہیں کریگا۔ (سیرة ابن ہشام: ص:۵۰۱- تا- ۵۰۴)
آپ نے ملاحظہ فرمایا اس معاہدے میں کس
فیاضی اور انصاف کے ساتھ یہودیوں کو مساویانہ حقوق دیے گئے ہیں۔ اور یہ سب احادیث
میں محفوظ ہیں ۔
عیسائیوں کے ساتھ حسن سلوک: عیسائیوں کے ساتھ بھی سرورعالم صلى الله عليه وسلم نے مثالی رواداری برتی۔ مکہ مکرمہ اور یمن کے درمیان واقع ”نجران“ کا ایک موقر وفد آپ صلى الله عليه وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا، آپ صلى الله عليه وسلم نے ان کو مسجد میں ٹھہرایا انھوں نے سرکاردوعالم صلى الله عليه وسلم کے ساتھ مذہبی معاملات میں گفتگو کی عیسائیوں کے ساتھ اس موقع پر ایک تاریخی معاہدہ ہوا، جس میں عیسائیوں کو مختلف حقوق دینے پر اتفاق کیاگیا ہے۔معاہدہ کی دفعات درج ذیل ہیں:
(۱) ان کی جان محفوظ رہے گی۔
(۲) ا ن کی زمین جائداد اور مال وغیرہ ان کے قبضے میں
رہے گا۔
(۳) ان کے کسی مذہبی نظام میں تبدیلی نہ کی
جائے گی۔ مذہبی عہدے دار اپنے اپنے
عہدے پر برقرار رہیں گے۔
(۴) صلیبیوں اور عورتوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے گا۔
(۵) ان کی کسی چیز پر قبضہ نہ کیاجائے گا۔
(۶) ان سے فوجی خدمت نہ لی جائے گی۔
(۷) اور نہ پیداوار کا عشر لیا جائے گا۔
(۸) ان کے ملک میں فوج نہ بھیجی جائے گی۔
(۹) ان کے معاملات اور مقدمات میں
پوراانصاف کیا جائے گا۔
(۱۰) ان پر کسی قسم کا ظلم نہ ہونے پائے گا۔
(۱۱) سود خواری کی اجازت نہ ہوگی۔
(۱۲) کوئی ناکردہ گناہ کسی مجرم کے بدلے میں
نہ پکڑا جائے گا۔
(۱۳) اور نہ کوئی ظالمانہ زحمت دی جائے گی۔
(دین رحمت:۲۳۹، بحوالہ: فتوح البلدان بلاذری)
مذکورہ بالا جو حقوق اسلام نے دیگر
اقوام اور رعایا کو عطا کیے ہیں ان سے زیادہ حقوق تو کوئی اپنی حکومت بھی نہیں دے
سکتی۔ جو غیر مسلم اسلامی حکومت میں رہتے ہیں اس کے متعلق اسلامی نقطہ ٴ
نظر یہ ہے کہ وہ اللہ ورسول کی پناہ میں ہیں اسی لیے ان کو ذمی کہا جاتاہے اسلامی
قانون یہ ہے کہ جو غیر مسلم (ذمی) مسلمانوں کی ذمہ داری میں ہیں ان پر کوئی ظلم ہو
تو اس کی مدافعت مسلمانوں پر ایسی ہی لازم ہے جیسی خود مسلمانوں پر ظلم ہوتواس کا
دفع کرنا ضروری ہے۔ (المبسوط للسرخسی:۱/۸۵)
منافقین اور دیگر غیر مسلم رعایا کے ساتھ حسن سلوک : اس کے علاوہ منافقین اور غیر مسلم رعایا کے ساتھ بھی آپ ﷺ کا حسن سلوک اور رواداری بے مثال ہے ، حتی کی منافقین کا سربراہ عبداللہ بن ابی ابن سلول جو اپنے کو مسلمان ظاہر کرنے کے باوجود دل سے کافر ہی رہا، جس نے اسلام خلاف ہر قسم سازش کرنے کی کوشش کی ، ان کی شرارتوں اور عداوتوں کے باوجود سرکاردوعالم ﷺ نے عبداللہ بن ابی کی نماز جنازہ بھی پڑھائی۔ ان کے لڑکے کی درخواست پر اپنا جبہ مبارکہ اس کے کفن کے لیے مرحمت فرمایا۔ اس کے علاوہ آپ ﷺ نے غیر مسلم اقوام اور رعایا کے ساتھ مثالی رحم وکرم، مساوات وہمدردی، اور رواداری کا معاملہ کیا ہے اور ان کو انسانی تاریخ میں پہلی بار وہ سماجی اور قومی حقوق عطا کیے جو کسی مذہب یا تمدن والوں نے دوسرے مذہب وتمدن والوں کو کبھی نہیں دیئے۔ جوغیر مسلم اسلامی ریاست میں قیام پذیر ہوں اسلام نے ان کی جان، مال، عزت وآبرو اور مذہبی آزادی کے تحفظ کی ضمانت دی ہے۔ یہ چند مثالیں آپ کے سامنے ذکر کی گیں احادیث میں بے شمار مثالیں موجود ہیں ۔الغرض سیرت النبی ﷺ کا تیسرا ماخذ حدیث رسول ﷺ ہے۔
چوتھا ماخذ شمائل نبوی ﷺ : شمائل کا سیرت کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے ۔ جس میں آپ ﷺ کی ذاتی خدوخال کو بھی پیش کرنا ہوتا ہے تا کہ سامع و قاری اس بے مثال شخصیت کو اپنے سامنے کھڑا ہوا محسوس کرے ، اوریہ شمائل سے استفادہ کئے بغیرممکن نہیں ہے ۔ شمائل میں آپ ﷺ کے حلیہ مبارک ، عادات و خصائل ، معمولات زندگی ، لباس ، نشست و برخاست ، قد ، رنگ ، بال جسم کے نشیب وفراز ، خوردونوش ، مرغوبات ومکروہات ، غرض بشری احوال کی تفصیلات جمع کی جاتی ہیں ۔ اسی لئے سیرت نگاروں نے اسے بھی اصل و مصدر کی حیثیت سے ذکر کیا ہے ۔ لہذا کچھ محدثین نے اپنی کتابوں میں آپ ﷺ کی شمائل کو جگہ دی ہے ، اور بعض نے اس پر مستقل کتابیں لکھی ہیں اور شمائل پر اولیت کا شرف امام ترمذی کو حاصل ہے جس نے چار سو احادیث کی مدد سے ’’الشمائل ‘‘مرتب کی ۔ یہی وہ کتاب ہے جس نے بعد کی کتب سیرت وشائل کے مندرجات کو ایک نئی سمت عطا کی ہے ۔ اس کے علاوہ اور بھی شمائل پر کتب تصنیف کی گئی ہیں ۔
پانچواں ماخذ مغازی : مغازی کے معنی ہیں قصد و ارادہ ۔ شریعت میں مغازی کا مطلب کفار سے قتال کرنا ۔ ابن حجر فرماتے ہیں مغازی سے مراد رسول اللہ ﷺ کا بنفس نفیس یا اپنے لشکر کے ذریعہ کفار کا قصد کرنا یہ قصد کفار کے شہروں کا ہو یا جہاں وہ اترے ہیں۔(فتح الباری کتاب جہاد و السیر 6/279) بعد میں مغازی کے معنی میں وسعت پیدا ہوگئی اور مغازی کا اطلاق صرف غزوات پر نہیں بلکہ سیرت پر بھی کیا گیا ۔
سیرت کا مغازی سے تعلق : علم السیر ، حدیث شما ئل اور مغازی ایک ہی تصویر کے مختلف رخ ہیں ۔ اس لئے
کہ ان سب کا موضوع نبی ﷺ کی ذات ، تعلیمات اور آپ کا عمل ہے ۔ آپ ﷺ کی شخصیت کا ایک
پہلو رحمۃ للعالمین ہوتا ہے ۔ تو اس رحمت کا دوسرا تقاضہ قتال فی سبیل اللہ بھی ہے ۔ جس کی طرف قرآن کریم کے اشارہ کیا ہے ۔
(مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ ۭ وَالَّذِيْنَ مَعَهٗٓ اَشِدَّاۗءُ
عَلَي الْكُفَّارِ رُحَمَاۗءُ بَيْنَهُمْ) الفتح
29
محمد ﷺ رسول اللہ ﷺ اور جو صحابہ ان کے ساتھ میں
یہ کفار کے مقابلہ میں سخت اور باہمی
معاشرت میں نہایت رحمدل ہیں ۔
لہذا تمام سیرت نگاروں نے مغازی کو بھی سیرت کے
ماخذ میں شامل کیا ہے ۔ (سیرت نگاری صفحہ 137 ،
پروفیسر ڈاکٹر صلاح الدین ثانی)
مغازی
پر چند کتب
(1)مغازی رسول
ﷺ،
یہ عروہ بن زبیر کی سیرت النبی ﷺ پر پہلی تصنیف ہے ۔ اسے آپ کے شاگرد ابوالاسود نے
روایت کیا ہے ، جن کا نام محمد تھا ، یہ قلمی نسخہ کی شکل میں محفوظ تھی ، اسے
ڈاکٹر محمد مصطفی اعظمی نے ایڈٹ کر کے شائع کیا ہے ، اس کا اردو ترجمہ محمدسعید
الرحمن نے کیا ہے ۔ ادارہ ثقافت اسلامیہ لا ہور ۱۹۸۷ ء سے شائع ہوا
۔ اس کے علاوہ درج ذیل افراد کی مغازی زیادہ مشہور ہیں ۔
(2)
کتاب المغازی
: یہ کتاب ابن شہاب زہری ( ۵۱
ھ ۔۱۴۴ ھ ) کی ہے (آپ نے یہ کتاب غالبا حضرت عمر بن عبدالعزیز
فرمائش پرلکھی ۔
(3)
کتاب المغازی
: یہ کتاب ابوالاسود محمد بن عبدالرحمن بن نوفل ( م ۱۳۱ یا ۱۳۷
ھ ) کی ہے ۔
(4) کتاب
المغازی
: یہ کتاب موسی بن عقبہ
بن ربیعہ بن ابی عیاش الاسدی ( ۵۵ ھ - ۱۴۱
ھ ) کی ہے ۔
(5) کتاب
المغازی:
یہ معمر بن راشد ( ۵۹۲۔۱۵۰
ھ ) کی کتاب ہے ۔
(6) کتاب المغازی والسير: یہ کتاب محمد بن اسحاق بن یار بن
خیار ( ۵۸۵ -۱۵۴ ھ ) کی ہے ۔
(7)
زاد المعاد فی ھدی خیر العباد : یہ کتاب علامہ ابن القیم کی ہے ، اور سیرت اور
حصائل و شمائل کے موضوع پر تحقیقی کتاب ہے
۔ ( بحوالہ سیرت
نگاری 141 )۔
چھٹا ماخذ معاہدات ، مکاتیب ، فتاوی وطب نبوی ﷺ : یہ سیرت طیبہ ﷺ سے جدا کر کے کچھ پہلوؤں پر الگ حیثیت میں انہیں مدون کیا گیا ہے ۔ ان میں سے آپ ﷺ کے معاہدات ومکتوبات کا پہلو ہے ۔ آپ کے فیصلے وفتاوی ہیں ۔ تیسرے طب کے حوالہ سے آپ ﷺ کی ہدایات ہیں ۔ یہ موضوعات درج ذیل اقسام پر مشتمل ہیں ۔
(1) نئے معاہدے یا
پرانے معاہدوں کی تجدید ۔
(2) وہ خطوط جو تبلیغی نقطہ نظر سے لکھے ہوئے ہیں ۔
(3) سرکاری
نمائندوں کو ارسال کئے گئے خطوط اور احکامات و ہدایات۔
(4) اجراء دستاویزات ملکیت اراضی و اجناس وغیره۔
(5) مخصوص افراد کے لئے ہدایات جیسے خطبہ حجتہ
الواع۔
(6)جوابی خطوط ۔
(7) مسلمانوں یا غیر مسلموں کی جانب سے آپ کو حکم بنانا اور اس کی روشنی میں فیصلوں کا اجراء عمل میں
آنا جسے فتاوی کا عنوان دیا گیا ہے ۔
(8) یا مسلمانوں
کا آپ سے کوئی مسئلہ دریافت کرنا اور آپ ﷺ کا جواب عنایت فرما نا۔
(9) آپ ﷺ کا بیماری میں خود اپنا علاج کرنا ، بیماری
کے لئے دوا تجویز کرنا ۔
سیرت کا
معاہدات ، مکاتیب ، فتاوی و طب نبوی ﷺ سے تعلق :
آپ ﷺ کی شخصیت نبی
ہونے کے ساتھ سر براہ و قائد کی بھی تھی ۔ اس حیثیت میں آپ نے مسلمانوں کی طرف سے
دیگر اقوام سے معاہدے کئے ، ان سیاسی معاہدوں کا آغاز مدینہ سے شروع ہوتا ہے ، گویا آپ ﷺ کی شخصیت کا یہ وہ پہلو ہے جس سے اقوام وملل کے آپ ﷺ ساتھ معاملات کے اسلوب کی نشاندہی ہوتی ہے
۔ اور کسی انسان کے اندر کی انسانیت کو اس کے معاملات میں سے پرکھا جاتا ہے ۔ اور
کسی قائد کا خلوص وتعلق اپنے ماتحتوں سے انہی روابط سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اپنے
ماتحتوں سے کتنا قریب ہے ان کے اجتماعی و انفرادی مسائل حل کرنے میں کس حد تک متفکر
رہتا ہے حتی کہ فکری و معاشرتی معاملات کے ساتھ ان کے ذاتی معاملات صحت و مرض کی کیفیات
میں بھی ان کی رہنمائی کرنا ہی شان صرف آپ ﷺ کی ہے، دنیا کا کوئی قائد ایسانہیں
ملے گا جو اپنے ماننے والوں کے ذاتی مسائل
اتنی نچلی سطح پر آ کر حل کرتا ہو ۔ لہذا
سیرت نگار کے لئے ضروری ہے وہ اس اصول سے بھی واقفیت رکھتا ہو اور طب نبوی ﷺ سے بھی
اسے آگاہی ہو ، تا کہ آپ ﷺ کی شخصیت کے اس پہلو کو بہتر طور پر نکھار کر قاری
وسامع کے سامنے پیش کر سکے ۔
توضیح : معاہدہ اس معاملہ کو کہتے ہیں جو دو جانبین سے وجود میں
آئے ، اقوام عالم میں کئے گئے معاہدات کا نبی ﷺ سے کئے گئے معاہدات سے تقابلی
مطالعہ کیا جائے تو یہ بات نکھر کر سامنے آتی ہے کہ آپ ﷺ نے کمزور اقوام سے بھی برابری
کی بنیاد پر معاہدے گئے اور جب معاہدہ کیا تو اسے ہر قیمت پر باقی رکھا اور معاہدہ
کی جوبھی قیمتادا کرنی پڑی خوش دلی سے ادا کی۔
خطوط: آپ ﷺ نے جو خطوط لکھے ہیں وہ آپ ﷺ کی شخصیت کی وسعت
حکمرانی کو نہیں بلکہ عَزِيْزٌ عَلَيْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِيْصٌ عَلَيْكُمْ
بِالْمُؤْمِنِيْنَ رَءُوْفٌ رَّحِيْمٌ (التوبہ
128)کی ترجمانی کرتی ہے ۔ معاہدات کی طرح مکاتیب بھی
یکجا کر کے شائع کئے ہیں اور تین مکتوبت ایسے ہیں جو اصل حالت میں آج بھی دستیاب
ہیں۔)سیرت نگاری ص 147)
فتاوی : صحابہ
کرام کا مرجع تو آپ ﷺ کی ذات کی تھی ، لیکن کچھ غیر مسلم بھی اپنے معاملات فیصلہ کے لئے آپ ﷺ کی خدمت میں پیش کر
تے ، اس معاملہ کے دونوں فریق سبھی مسلم و غیرمسلم ہوتے اور کبھی دونوں فریق غیر
مسلم ہوتے تھے ۔ یہ فیصلے آپ ﷺ کی انصاف پسندی کا مظہر ہیں ۔ ان فیصلوں اور فتاوی
کو بھی یکجا کر دیا گیا ہے ۔ سیرت نگار کے لئے ضروری ہے کہ وہ آپ ﷺ کی انصاف پسندی
، معاشرتی معاملات اور ادراک مسئلہ پر لکھتے ہو ئے ان فیصلوں کا مطالعہ کرے تا کہ قضاء کے جو ہر
کونکھارا جاسکے ۔ ان فتاوی میں عقیدہ توحید و رسالت ، تخلیق انسانی ، قیامت ، مشرکین
اور ان کی اولادوں ، ہجرت ، جہاد ، مسح خفین ، نماز اور اس کے اوقات ، زکوۃ ،
صدقات سے متعلق سوالات کے جوابات دیئے گئے
ہیں ۔
طب : جہاں تک طب کا
تعلق ہے ، اس شعبہ کے حوالہ سے بھی آپ ﷺ نے مسلمانوں کی رہنمائی فرمائی ہے اور
علماء نے اسے طب نبوی ﷺ کے نام سے جمع کر دیا ہے ۔
ساتواں ماخذ علم دلائل النبوۃ والمعجزات ہیں۔ دلائل دلیل کی جمع ہے ، دلائل النبوہ کا مطلب ہے ، ایسے دلائل جو نبی کی نبوت کی صداقت واثبات کے لئے اللہ تعالی کی طرف سے عطا کئے جاتے ہیں ۔ یہی مفہوم معجزات کا ہے ، یعنی ایسی دلیل جس کا جواب دینے سے مخالفین عاجز آ جائیں ۔
سیرت کا دلائل ومعجزات سے تعلق : سیرت کا
دلائل سے بھی تعلق ہے ، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ دلائل سیرت ہی کا حصہ ہے اور آدم علیہ
السلام سے ہمارے پیغمبر تک تمام انبیاء کو نبوت کی سچائی کو ثابت کرنے کے لئے اللہ
تعالی کی طرف سے ہر زمانہ کی مناسبت سے اس زمانہ کے علم وفن کے مطابق معجزات عطا
کئے جاتے رہے ہیں ۔ کچھ انبیاء کوحسی
معجزات عطا ہوئے اور کچھ کوعلمی ۔
حضرت عیسی علیہ السلام کے
زمانے میں فن طب عروج پر تھا طبیبوں کا دعوی تھا وہ مریض کو موت کے منہ سے واپس لا
سکتے ہیں ۔ لہذا اس مناسبت سے اللہ تعالی نے عیسی علیہ السلام کو مردہ کو زندہ
کرنے کا معجزہ عطا فرمایا ۔ابرص کے مریض کا شفایاب اور اندھے کا بینائی کرنے کے
معجزات عطا کئے گئے ۔
فرعون کے زمانہ میں جادو کا
فن عروج پر تھا ۔ لہذا اس مناسبت سے موسی
علیہ السلام کو عصاء اور ہاتھ کی چمک کا معجزہ عطا کیا گیا جو جادوگروں کے تمام
کمالات کو ہضم کر گیا اور فرعون کی آنکھوں کو چکا چوند کر گیا ۔ لیکن چونکہ تمام
انبیاء کی نبوت مخصوص زمانہ تک کے لئے تھی ، لہذا انہیں معجزہ بھی ایسا دیا
گیا جو ان کے عہد کے ساتھ ختم ہو گیا، ہمارے نبی ﷺ کی نبوت قیامت تک کرنے والے تمام
انسانوں کے لئے ہے ، اس لئے آپ کوحسی معجزات کے ساتھ علمی معجزہ یعنی قرآن کریم دیا گیا ، جو قیامت تک کرنے والے تمام
انسانوں کے لئے ہدایت اسلام اور نبی ﷺ کی نبوت کی صداقت کا علم بن کر لہراتا رہے
گا ۔ حسی معجزات کو بہت سے اہل علم نے اپنی کتابوں کی زینت بنایا ہے ۔
اٹھواں ماخذ علم قصص الانبیاء و المرسلین : مولانا ابوالحسن علی ند وی فرماتے ہیں ۔ قرآن مجید نے انسانی دل و دماغ میں توحید و رسالت کے مضامین کو اتارنے کے لئے جو وسائل و ذرائع اختیار کئے ہیں ان میں قصص و حکایات کو مرکزی اہمیت حاصل ہے ۔ قرآن کریم نے قصص کو بہت اہمیت دی ہے ۔ آپ دیکھیں کہ حضرت موسی اور حضرت ابراہیم کے تذکرے واقعات اور قصے کتنے مقامات پر قرآن کریم نے ذکر کئے گئے ہیں ، ایک پوری سورت حضرت یوسف علیہ السلام سے متعلق ہے اور ان کے قصہ پر مبنی ہے ، لیکن وہ اعلی درجہ کی دانشمندانہ باتوں اور مواعظ پرمشتمل ہے ، ایسے واقعات پر مبنی ہے کہ ان کے بغیر بہت سے حقائق سمجھ میں نہیں آ سکتے ۔ خود قرآن کریم کہتا ہے ۔
لَقَدْ
كَانَ فِيْ قَصَصِهِمْ عِبْرَةٌ لِّاُولِي الْاَلْبَابِ ۭ مَا كَانَ حَدِيْثًا يُّفْتَرٰى وَلٰكِنْ
تَصْدِيْقَ الَّذِيْ بَيْنَ يَدَيْهِ. سورة يوسف 111
ان قصوں میں عقلمندوں کے لئے نشانیاں ہیں ، یہ بناوٹی باتیں
نہیں ہیں ، بلکہ پچھلے واقعات کی تصدیق ہیں ۔
سیرت کاقصص الانبیاء سے تعلق : قرآن کی واضح تعلیم ہے کہ انبیاء و امم سابقین سے
استفادہ کر و عبرت ونصیحت کے نقطہ نظر سے ہمارے پیغمبر ﷺ پر جو حالات گزرے وہ پچھلوں پر بھی گزرے تھے ۔
آپ ﷺ نے متعدد مواقع پر کئی عمل میں اپنے کو پچھلے انبیاء کا مشابہ قرار دیا ہے ۔
اس لئے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ کو سمجھنے کے لئے ہمیں ان قصص سے استفادہ کرنا
چاہئے ۔ قصص کو دوحصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے ۔
(1)قصص
القرآن ۔
(2) قصص الحديث۔
قرآن
کریم نے جن قصوں کو بیان کیا ہے وہ بھی سیرت نگاری کی اصل ہیں اور حدیث میں جن
قصوں کو بیان کیا گیا ہے وہ بھی سیرت نگاری کی اصل و ما خذ ہیں ۔ لہذا قصص القرآن پر بہت سی کتابیں
عربی اردو عربی میں لکھی گئی ہیں ۔
اور اسی طرح جو قصے یا حکایات حدیث کی کتابوں میں
وارد ہوئے ہیں ، وہ نبی کریم ﷺ کی زبان مبارک سے بیان ہوئے ہیں ، ان کی صداقت وصحت
میں شک وشبہ کی گنجائش نہیں ہے ۔ حدیث شریف میں ان نقص کی بڑی اہمیت ہے اس لئے
شراح نے ان کی تشریح و بیان کی طرف خصوصی توجہ کیا ہے ۔ ان سے بہت سے فوائد مستنبط
کئے ہیں ان کے ادبی و دعوتی پہلو پر بھی ان کی نظر ہے اور اس جانب شراح حدیث میں
علامہ عینی نے خاص توجہ دی ہے۔ موجودہ دور میں بہت سے علماء نے ان قصص کو جمع
کرنے کی کوشش کی ہے ۔ جن سے بہت سے دروس وعبر مستنبط کئے ہیں اور ان کے ادبی و
دعوتی پہلو پر بھی گفتگو کی ہے ۔ اس مؤضوع پر بھی کتابیں کھی گئی ہیں ۔ خلاصہ کلام یہ ہے کہ سیرت نگاری کے لئے ان ققص
سے استفادہ کیا جانا چاہئے تا کہ عبرت وموعظت کو موثر بنا کر بلیغ کا صیح حق ادا کیا
جاسکے ۔(سیرت نگاری 178)
نواں ماخذ علم آثار صحابہ و صحابیات : جو عمل نبی ﷺ سے منقول ہو ، اسے آثار نبوی کہا جاتا ہے ، اس طرح جب یہ لفظ مطلق استعمال ہو تو بھی یہی مطلب ہوتا ہے ۔لیکن جو عمل صحابہ یا صحابیات سے منقول ہوا سے آثار صحابہ کہتے ہیں ۔ سیرت طیبہ پر لکھنے والوں میں محدث بھی ہیں اور فقیہ بھی ، مورخ بھی ہیں اور سیرت نگار بھی ، مد بر بھی ہیں اور قانون دان بھی ، ادیب بھی ہیں اور شاعر بھی ، اپنے بھی ہیں اور بیگانے بھی ، اپنوں نے جس صحت ، جامعیت ، دقت نظر اور شفقت سے رسول مبین ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی حیات مبارکہ اور آپ ﷺ کے عہد ہمایوں پر قلم اٹھایا ، وہ تو خیر تحسین کے قابل تھے ہی، لیکن بعض دوسرے لوگوں نے بھی اس کام کو جس گہری نظر سے انجام دیا ہے ، وہ بھی داد کے قابل ہیں ۔ صحابہ کو حضور ختمی مرتبت ﷺ سے ایک شعوری اور جذباتی لگاؤ تھا ، وہ آپ ﷺ کو دیکھتے رہے لیکن ان کی آنکھیں تھکتیں ، وہ آپ ﷺ کو سنتے رہتے لیکن اکتاہٹ محسوس نہ کرتے ، دید میں بھی انہیں حسرت دید رہی ، جہد و کوشش کی کڑی سے کڑی آزمائش سے گزرنے کے باوجود ان کی ہمتیں پست ہوئیں نہ ان کے پاؤں ڈگمگاۓ ، اتباع رسول ﷺ میں انہوں نے سرمو انحراف کیا نہ کبھی تعمیل ارشاد میں ان سے سستی ہوئی ۔ ان صحابہ کبار کے لئے آپ ﷺ کی اطاعت میں ذات خداوندی کی اطاعت تھی ، اور قربات عند اللہ کا واحد ذریعہ ۔
سیرت کا آثار
صحابہ سے تعلق : یہ ایک حقیقت ہے کہ قرآن کریم کے احکام پر اس وقت عمل کیا جا سکتا ہے
جب نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کو نمونہ بنا کر ان طریقوں کو اپنایا جا ئے ، جنہیں
رسول اللہ ﷺ نے پسند فرمایا اور ویسا ہی عمل کیا جائے جیسا آپ ﷺنے کر کے دکھایا ، یہی سیرت ہے اور یہ عمل ہم
تک صحابہ کے توسط سے پہنچا ہے ۔ گویا دوسرا نمونہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین
کا عمل ہے جسے بسا اوقات تعامل اہل مدینہ کے نام سے بھی یاد کیا جا تا ہے، چنانچہ
مالکیوں نے اہل مدینہ کے عرف و عادات اور طور طریقوں کو قانون سازی میں بہت اہمیت
دی ہے ۔ صحابہ کرام کا درجہ امت اسلامیہ میں بہت بلند ہے اور نبی اکرم ﷺ کے وفات
کے بعد کسی بھی انسان کو صحابی ہونے کا شرف حاصل نہیں ہوسکتا ۔ نیز صحابہ کرام نے
دین اسلام کو اپنے خون سے سینچا اور اپنی جانیں ہتیلی پر رکھ کر دین کی حفاظت کی ۔
ان میں عشرہ مبشرہ ہیں ۔ ان میں اہل بدر و
احد ہیں ۔
خلاصہ بحث یہ ہے، کہ سیرت نگار کی نظر اس ذخیرہ
پر بھی ہونی چاہئے جس میں اقوال صحابہ کرام موجود ہوں کیونکہ سیرت نگاری
کے لئے یہ بھی ماخذ مانا گیا ہے ۔
دسویں ماخذ علم تاریخ : علم تاریخ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ علم تاریخ دیگر علوم کی بنسبت قدیم ہے، بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ علم انسان سے بھی زیادہ قدیم ہے تو بے جا نہ ہوگا ، جیسا کہ قرآنی قصص تاریخ آدم اور تخلیق کائنات کے تذکر ہ سے واضح ہوتا ہے ۔
لغوی و اصطلاحی تعریف : تاریخ (History )سے مراد دن ، رات ، مہینے یا کسی چیز کے ظہور کا وقت یا
ایسا فن یا کتاب ہے جس میں مشہور افراد حکمرانوں ، روایات قصوں اور جنگوں کے حالات
کا بیان ہو ( فیروز اللغات)
جوہری کہتے ہیں ،
تاریخ وقت کی تعریف کا نام ہے اور توریخ کا بھی یہی مفہوم ہے ، اس کا مادہ ارخ ہے
۔ بمعنی نئی چیز نوزائیدہ ۔ ( الصحاح)۔
تاریخ کا لغوی مفہوم بیان کرتے ہوئے ابن منظور لکھتے ہیں ۔ التاریخ حریف الوقت ، والتاريخ مثلہ ۔ تاریخ وقت کو پہچاننے کا نام ہے اور توریخ بھی اس طرح ہے ۔( لسان العرب )
انسان جس علم کے ذریعہ وقت ‘ ‘ اور حوادث وقت و
زمانہ کو پہچانے وہ علم تاریخ کہلاتا ہے ۔
سیرت کا تاریخ سے تعلق : تاریخ کی بنیاد راوی پر ہے جس کی وجہ سے علم رجال وجود میں آیا ، تاکہ راوی
کی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے خبر کی تصدیق کی جاسکے ، اس طرح سیرت
بھی ایک حیثیت میں تاریخ ہے اس لئے کہ تاریخ کے دائرہ میں سوانح بھی داخل ہے ۔ جو
کتابیں تاریخ اسلام و المسلمین کے حوالہ سے مرتب کی
گئی ہیں ان میں سے اکثر کا ابتدائی حصہ یا درمیانی حصہ سیرت طیبہﷺ مشتمل ہے ۔ مثلا
(1)
طبقات ابن سعد کی ابتدائی دو جلد میں سیرت پر ہیں ۔
(2)
المعارف لابن قتیبه دیگر انبیاء کے ساتھ ہمارے نبی کا
نسب نامہ و کوائف ہیں ۔
(3)
تاریخ طبری میں سیرت
کا مواد موجود ہے ۔ وغیرہ (سیرت نگاری
214)
یہی وجہ ہے اصول سیرت میں سے ایک اصول یا ماخذ تاریخ
کو قرار دیا گیا ہے ۔
تلک عشرۃ کاملۃ: محترم قارئین ،ہم نے
دس اصولوں ( ماخذ) پر اکتفاء کر دیا
، اس کے علاوہ اور بھی سیرت کے ماخذ ہیں جسے علماء نے ذکر کئے ہیں جیسا کہ
علم اسماء الرجال
علم تاریخ حرمین
علم جغرافیہ
علم اصول الحدیث
علم الناسخ و المنسوخ
حکمت و علم نفسیات
کتب مذاہب مقدسہ
علم ادب جاہلیہ
مخضرمی و اسلامی ادب
علم لغت
علم قرات و لہجات عرب
علم اسلامی معلومات عامہ
علم تقویم و التوقیت ۔
ماشاء اللہ بہت خوب اللہ تعالی مزید توفیق عطاء فرمائے ۔ جزاک اللہ خیرا
ReplyDeleteجزاک اللہ خیرا
Delete